سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان پر الزام لگانے کی بجائے مسئلہ کشمیر پر توجہ دینی چاہیے جب کہ مقبوضہ کشمیرکے معاملے پرصورتحال جنگ کی جانب نہیں جانی چاہیے۔ نیو یارک میں میڈیا بریفنگ کے دوران سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا ردعمل سامنے آتا رہے گا جب کہ بھارت کو کشمیری عوام کی آواز سننے کی ضرورت ہے لہذا بھارت پاکستان پر الزام لگانے کی بجائے مسئلہ کشمیر پر توجہ دے۔
بھارت کے دھمکی آمیزبیانات سے علاقائی امن کوخطرات لاحق ہیں لہذا مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر صورتحال جنگ کی جانب نہیں جانی چاہیے جب کہ امریکا مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوآئی سی کے کشمیر پررابطہ گروپ کا اہم اجلاس ہوا اور وزیراعظم نواز شریف نے مسلم دنیا کو کشمیر کے ایشو پر اکٹھا کرنے کی کوشش کی جب کہ کشمیری عوام کی آوازبین الاقوامی برادری تک پہنچانا ہمارا اخلاقی فرض ہے۔
اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی ہمیشہ امن کی خواہش اور کوشش رہی ہے۔اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کسی دباوٴ میں نہیں آئیں گے۔