وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے آبائی ضلع میں عوامی شکایت پر ڈرگ انسپکٹر راجہ لیاقت خان کاڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہٹیاں بالا کے ایمرجنسی وارڈ کے میڈیکل سٹور پر چھاپہ جعلی ادویات برآمد ادویات کی خریدراری میں ملوث آفیسران اور دیگر ذمہ داران میں کھلبلی مچ گئی جبکہ عوام میں سخت غم و غصہ اور تشویش کی لہر دوڑ گئی۔تفصیلات کے مطابق عوامی شکایت پر ڈرگ انسپکٹر راجہ لیاقت خان نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے آبائی ضلعی ہیڈ کوارٹر کے ڈسٹرکٹ ہسپتال پر چھاپہ مارا تو ہسپتال کے میڈیکل سٹور سے درجنوں جعلی ادویات برآمد کر کے ضبط کر لیں زرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے ایمر جنسی سروس کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہٹیاں بالا کو ادویات کی فراہمی کے لیے 65لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کیے تھے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ایم ایس اور دیگر ذمہ داران نے ملی بھگت سے غیر معروف کمپنیوں سے ادویات خریدی جن کے استعمال سے مریض ٹھیک ہو نے کے بجائے دیگر بیماریوں کا شکار ہو جاتے تھے عوامی شکایت پر جب ڈرگ انسپکٹر نے ہسپتال کے سرکاری میڈیکل سٹور پر چھاپہ مارا تو ایم ایس سمیت دیگر ذمہ داران میں کھلبلی مچ گئی زرائع کے مطابق ڈرگ انسپکٹر نے ضبط کی گئی ادویات کو لیبارٹری بیج دیا ہے رپورٹ آنے کے بعد ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا امکان ہے عوامی ،سیاسی و سماجی حلقوں نے وزیراعظم کے آبائی ضلعی ہیڈ کوارٹر کے سرکاری ہسپتال کے سٹور سے جعلی اور دو نمبر ادویات کی برآمدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعظم کے آبائی ضلع میں اس طرح عوام کی جانوں کے ساتھ کھیلا جاتا ہے تو باقی آزاد کشمیر میں کیا ہوتا ہو گا اس معاملہ کی اعلی سطحی تحقیقات عمل میں لا کر ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے