صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں ایک نوجوان خاتون کو مبینہ طور پر ‘غیرت کے نام پر قتل’ کردیا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کوہاٹ جاوید اقبال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حنا شاہ نواز نامی خاتون کو ان کے کزن محبوب عالم نے کوہاٹ کے علاقے استارزئی میں 4 گولیاں مار کر قتل کیا۔
ڈی پی او کے مطابق حنا اسلام آباد میں ایک این جی او سے منسلک تھیں اور ماہانہ 80 ہزار روپے کما رہی تھیں اور اپنی والدہ اور بھابی کی کفالت ان کے ذمہ تھی، کیونکہ ان کے والد اور بھائی کا انتقال ہوچکا تھا۔جاوید اقبال نے بتایا کہ حنا کو مبینہ طور پر ان کے کزن نے قتل کیا، جس کی ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ وہ بذات خود اس کیس کو دیکھ رہے ہیں۔خاندانی ذرائع کے مطابق حنا کا کزن محبوب ان کی ملازمت کے خلاف تھا اور انھیں متعدد مرتبہ اس سے منع کرچکا تھا، تاہم انھوں نے اپنی ملازمت جاری رکھی، جس کے باعث محبوب نے مبینہ طور پر انھیں قتل کردیا