گزشتہ شب پاکستان تحریک انصاف ویسٹرن ریجن نے عزیزیہ جدہ کے مقامی ہوٹل میں 23 مارچ کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا جسمیں جدہ کے علاوہ مکہ مکرمہ, طائف، الباحہ اور مدینہ سے کارکنوں اور عہدیداروں نے بھر پور شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا۔
نائب صدر ویسٹرن ریجن ڈاکٹر سید راشد علی شاہ, انفارمیشن سیکرٹری ویسٹرن ریجن زاہد محمود اعوان, مکہ مکرمہ کے نو منتخب عہدیداروں، صدر محمد ریاض شاہین آفریدی, نائب صدر ملک سرفراز اعوان, جنرل سیکرٹری سید خاقان اور انفارمیشن سیکرٹری عزیر احمد بھٹہ کے علاوہ مختلف شہروں سے آئے ہوئے ایم سیز نے تقاریر کیں اور 23 مارچ کے حوالے سے اپنے قیمتی خیالات کا اظہار کیا اور مکہ مکرمہ کی کارکردگی اور تاریخ میں پہلی دفعہ مکہ مکرمہ کی بلا مقابلہ باڈی بننے پر اظہار تشکر کیا۔ جدہ سے میاں احمد بشیر, عجب خان،سینئر نائب صدر پی ٹی آئی گلف (آزاد کشمیر) خورشید احمد متیال , مرزا ندیم الحق اور شیخ مشتاق نے جبکہ الباحہ سے ذیشان قریشی اور مدینہ سے محمد شاہ آفریدی نے انتہائی پراثر تقاریر کیں۔
تقریب میں دو قومی نظریہ کی اساس پر نئے وطن کے قیام کی 1940 کی قرارداد پاکستان پر مکمل اعتماد کے ساتھ ساتھ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال, قائد اعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے تمام لیڈروں کی دور اندیشی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس بات کو بھی بار بار دہرایا گیا کہ موجودہ حالات میں بھی ایک ایسے ہی ویژن اور قیادت کی ضرورت ہے جو قوم کو موجودہ نامصائب حالات سے نکال کر ملک کو روشن مستقبل کی طرف گامزن کرے اور یہ لیڈر شپ عمران خان اور تحریک انصاف کی شکل میں قوم کو میسر آ چکی ہے۔
اس تقریب کی ایک خصوصیت یہ تھی کہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے فون پر خطاب کیا اور لوگوں کے سوالات کا جواب دیا جسکو حاضرین نے بےحد سراہا۔ اسد عمر نے سعودی عرب میں ریکارڈ ممبر شپ کرنے پر بالعموم اور ریجنل باڈیز اور مکہ مکرمہ کی سٹی باڈی کے منتخب عہدیداروں کو بالخصوص مبارکباد پیش کی۔
تقریب میں شرکت کرنیوالے رہنماؤں میں فرخ رشید، عبداللہ رحمان، عدنان فاروقی، قیصر جاوید، عمیر عابد، چوہدری ناصر، بلال طارق (طائف)، شہباز بھٹی، شاہد چوہان، چاند بدر، عمران خان، شہزاد احمد، دیگر ایم سیز اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی-
تقریب کی نظامت چوہدری ظہیر نے بطریق احسن نبھائی۔ تقریب کے شرکاء نے پی ٹی آئی مڈل ایسٹ کے چیف آرگنائزر ذوالقرنین علی خان کی کوششوں کو سراہا اور انکا شکریہ ادا کیا۔.