اسلام آباد
پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی طرف سے محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور آصف علی زرداری پر لگائے جانے والے الزامات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا شخص جس نے آئین سے انحراف کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کیا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ملنے والی عالمی امداد میں خردبرد کی۔ اب قانون سے فرار ہیں کے الزامات قطعی بے بنیاد ہیں۔ نیر بخاری نے کہا کہ پرویز مشرف کو بھٹو خاندان سے اس لئے بھی پرخاش ہے کیونکہ پرویز مشرف کے والد کو بھٹو صاحب نے کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر ملازمت سے فارغ کیا تھا۔ سید نیر بخاری نے کہا کہ کرپٹ ابن کرپٹ اور قانون کے بھگوڑے کو چاہیے کہ الزامات لگانے کی بجائے چاہیے کہ وہ پاکستان آکر غداری اور قتل کے حوالے سے بنے ہوئے مقدمات کا سامنا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو اس سوال کا بھی جواب دینا ہوگا انہوں نے اقتدار کے بدلے کتنی قیمت پر اپنے ملک کو گروی رکھا؟ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف یہ بھی بتائے کہ ان اور ان کے بچوں کے پاس اربوں ڈالر کہا سے آئے؟ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے الزامات کا سامنا کیا اور باعزت بری ہوتے رہے ہیں۔