آسٹریلوی ٹیم کے سابق بلے باز اور آئی پی ایل میں گجرات لائنز کے کوچ بریڈ ہو ج کا کہنا ہے کہ اگر کوہلی دھرم شالہ میں بھارت کی طرف سے نہ کھیل کر آئی پی ایل میں کھیلتے ہیں تو یہ حیرت کی بات ہوگی۔ بریڈ ہوج کا کہنا تھا کہ اگر آپ وہ ٹیسٹ نہیں کھیلتے جس سے آپ کو آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا موقع ملتا ہے تو یہ کافی خراب بات ہوگی ۔
کوہلی کے خود کو آئی پی ایل کے لیے بچانے کے سوال پرہوج نے کہا کہ ہم نے ایسا پہلے بھی ہوتا دیکھا ہے ، کئی کھلاڑی آئی پی ایل کے وقت آ جاتے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ یہ خوب پیسے والا ٹورنامنٹ ہے، اس میں کھیلنے کا کافی پیسہ ملتا ہے۔ہوج کا مزید کہنا تھاکہ کوہلی کو آئی پی ایل میں کھیلنے کا کافی پیسہ ملتا ہے، حالانکہ انہیں تو پیسہ ویسے بھی خوب ملتا ہے، لہٰذا زیادہ فرق نہیں پڑتا لیکن کچھ کھلاڑی ہیں جو آئی پی ایل کے وقت ایسا کرتے ہیں تاکہ ٹورنامنٹ میں شامل ہوکر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔
ہوج کا کہنا تھا کہ 19اپریل کو ہمارا اور کوہلی کی ٹیم کا مقابلہ ہے اورگجرات لائنز کا کوچ ہونےکی حیثیت سے مجھے امید ہے کہ جب ہم آرسی بی سے کھیلیں گے تو کوہلی ٹیم میں نہیں ہوں گے۔ہوج کے اس بیان پر سوشل میڈیا میں ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ بھارتی کرکٹ شائقین اسے کوہلی کی توہین قرار دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ کوہلی کے پاس کافی پیسہ ہے اور وہ ایسا نہیں کریں گے۔