اسلام آباد (پی آئی ڈ جنوری 2018
آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی رکن محترمہ سحرش قمر نے کہا ہے کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف کا دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتاہے۔5 فروری کو کشمیری عوام مظفرآباد میں دلوں کے وزیراعظم کا والہانہ استقبال کریں گے۔مسلم لیگ ن کی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے اور اسے اہم ترین سطح پر لے آئی ہے۔ محترمہ سحرش قمر نے ان خیالات کا اظہار خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے شیر اپنے عظیم قائد کا والہانہ اور بے مثال استقبال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان نے مجاہد کشمیر برہان وانی شہید کا نام لیکر اقوام متحدہ کے اجلاس میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا جو شہداء کشمیر کے ساتھ ان کی دلی محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے دنوں کو جس جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے منظور کی جانے والی قراردادیں اور ایل او سی پر بھارت کی جارحیت کی مذمت میں قراردادیں ہماری پالیسی کو واضح کرتی ہیں کہ قومی امور پر مسلم لیگ ن کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لاتی۔ محترمہ سحرش قمر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوان تحریک آزادی کے روح رواں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے بھی نوجوانوں کو متحرک کیا ہے اب یونیورسٹی اور کالج کی سطح کے نوجوان تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں تاکہ مقبوضہ کشمیر میں یہ پیغام جائے کہ آزادکشمیر کا بچہ بچہ ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان لازوال تعلق کا اظہار ہے کیونکہ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے