دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن)کوئٹہ گلیڈ ایٹر ز سے شکست کے باوجود میچ میں زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر’’ مین آف دی میچ‘‘ کا ایوارڈ ملتان سلطانزکے بہترین فاسٹ باولر عمر گل کو دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق میچ کے اختتام پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد عمر گل کا گفتگو کرتے ہوئے کہناتھا کہ جنید خان کے فٹنس کے مسئلے کی وجہ سے مجھے کھیلنے کا موقع ملا جبکہ باقی تمام باولر زبھی اچھا پرفارم کررہے تھے لیکن میں کافی دیر سے پرفارم کرنے کے انتظار میں تھا ۔ایک سوال کے جواب میں عمر گل نے کہا کہ میچ ہارنے پر مجھے تھوڑا سا دکھ تو ہوا ہے لیکن اگر جیت جاتے تو زیادہ مزا آتا ۔ واضح رہے کہ عمر گل نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے محض 24 رنز دے کر مخالف ٹیم کے 6بیٹسمین کو نشانہ بنایا ۔یہی نہیں عمر گل نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 200 وکٹوں کا ہندسہ بھی عبور کر لیا ہے۔