مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ بھارت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق پرمبنی جدوجہد آزادی کو کچلنا چاہتا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جو سرینگر میں مسلسل اپنی رہائش گاہ پر نظربند ہیں ایک بیان میں نہتے کشمیری عوام کے خلاف جاری بھارتی فورسز کی پر تشدد کارروائیوں کو نا قابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی آزادی نے دنیا کی سب سے بڑے جمہوری ملک ہونے کے بھارت کے دعوئوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بھارت کی اس سوچ سے نہ تو جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل ہو گی اور نہ ہی کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو ترک کر یں گے ۔ میر واعظ نے کہاکہ آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ز ایکٹ اور ڈسٹربڈ ایریاز ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت بھارتی فوجیوں کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے اورانکے خلاف کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکتی ۔