مظفرآباد
سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کے لئے آزاد کشمیر سے بڑھکر کوئی بھی خطہ زیادہ پرامن اور موزوں نہیں ہے ، حکومت کی کرپشن فری معیشت اور گورننس کی پالیسی کے باعث سرمایہ کار یہاں بے فکر ہو کر سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اور آزاد کشمیر کی سی پیک میں شمولیت سے پیدا ہوانے والے مواقع سے فائدے اٹھا سکتے ہیں وہ گزشتہ روز کراچی کی بزنس کمیونٹی کے نمائندہ وفد کے اعزاز میں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرر ہے تھے ۔ تقریب سے وزیر منصوبہ بندی وترقیات ،صحت ڈاکٹر نجیب نقی اور وزیر صنعت و تجارت نورین عارف نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر سیاحت ، پن بجلی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں ۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی حکومت نے تحریک آزاد کشمیر کو اجاگر کرنے کے علاوہ آزاد خطہ میں تعمیر وترقی ، سیاحت ، پن بجلی اور دیگر شعبوں کو مزید ترقی دینے کے اہداف مقرر کر رکھے ہیں ۔ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کی کوشش ہے کہ کہ آزاد کشمیر کو خود کفالت کی طرف لے جا کر اپنے پاؤں پر کھڑا کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیرمیں گڈ گورننس کے لئے اٹھائے گئے حکومت کے اقدامات کے تمام شعبوں میں مثبت نتائج نکلنا شرو ع ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال نیلم میں ساڑھے تین لاکھ سیاح آئے اور اس تعداد کو دوگناکیا جاسکتا ہے ۔ وزیر خزانہ منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر نجیب نقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر یہاں سرمایہ کاری کے لئے آنے والے تمام سرمایہ کاروں کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی ، ٹیکس میں چھوٹ دے کر اور ایک دوستانہ اور پرامن ماحول فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے شروع ہونے کے بعد یہاں کے علاقہ کی مرکزی حیثیت اور اہمیت بڑھ جائے گی اسلئے سرمایہ کار بھر پور فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کی صورتحال آئیڈیل ہے ۔ وزیر صنعت و تجارت نورین عارف نے کہا کہ یہاں کاروبی اس وقت دنیا کی بہترین کوالٹی کا ہے ، ہماری حکومت پانچ سال تک ٹیکسوں میں مکمل چھوٹ اور پانچ سال بعد 25فیصد اور پھر اسی ترتیب سے اضافہ کرے گی ۔ نورین عارف نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے لئے مواقع پیدا کرنے کا تمام کریڈٹ مسلم لیگ ن کی حکومت کو جاتا ہے جس کا اولین مقصد عوام کی فلاح وبہبود ، تعمیر وترقی اور تحریک آزاد کشمیر کو اجاگر کرنا ہے