دارالحکومت مظفرآباد میں تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے مقامی انتظامیہ متحرک۔ڈپٹی کمشنر مسعود الرحمان اور ایس ایس پی مظفرآباد راجہ اکمل کی خصوصی ہدات پر مجسٹریٹ کی ٹیم پورے شہر میں غیر قانونی تعمیرات،سرکاری اراضی پر قبضہ مافیا کے خلاف ان ایکشن ہے۔اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد عاصم خالد اعوان، تحصیلدار حماد بشیر، نائب تحصیلدار بلال فاتح نے مظفرآباد میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جس پر عوام ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ترجمان انتظامیہ بلال فاتح کا کہنا تھا کہ دارالحکومت میں سرکاری اراضی پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اس گرینڈ آپریشن کے دوران تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان اور ایس ایس پی مظفرآباد راجہ اکمل کی خصوصی دلچسپی کے تحت یہ کام ہو رہا ہے شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنے کیلئے انتظامیہ کام کر رہی ہے اس کام میں شہری اپنا حصہ ڈالیں اور اپنے شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں۔سرکاری اراضی کا تحفظ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اس پر کسی کو قبضہ کی اجازت نہیں دے سکتے۔ جو سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کریگا اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔