وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان کی خصوصی ہدایت پر کل جمعہ کو دارالحکومت سمیت آزادکشمیر کے تمام ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز پر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں ’’یوم شہدائے شوپیاں ‘‘منایا جائیگا۔ اس سلسلہ میں سب سے بڑا جلسہ جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام دارلحکومت مظفرآباد میں منعقد ہوگاجس میں وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان سمیت آزادکشمیر کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے زعما ء اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہونگے جبکہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز صاحبان جلسوں کا اہتمام کرینگے۔اس حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنرآفس مظفرآباد میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید اشفاق گیلانی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہواجس میں ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف خان، ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل خورشید کیانی ، ایکسیئن ہائی وے سید شوکت گیلانی، ڈی ایس پی آصف درانی،انفارمیشن آفیسر سید آصف حسین نقوی اور جملہ ضلعی آفیسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے حتمی شکل دی گئی۔