نئی دہلی ( ) بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے مودی سرکار کی کشمیرپالیسی کو مخاصمانہ قرار دیتے ہوئے واضح کیاہے کہ کشمیرمسئلے کاحل اعتماد سازی کے اقدامات میں مضمر ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی کا اپنے ایک بیان میں کہناتھا کہ کشمیرکے حوالے سے مودی سرکارکی پالیسی مفاہمت کے بجائے مخاصمت پرمبنی ہے اوریہی وجہ ہے کہ وادی میں صورتحال بگڑتی جارہی ہے ۔سال2004میں جب یوپی اے نے مرکزمیں سرکاربنائی توکشمیرجل رہاتھالیکن سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کی سربراہی والی سرکارنے کشمیرکے تعلق سے مفاہمانہ پالیسی اپنائی اوریہی وجہ تھی کہ وہاں حالات میں بہتری آئی ۔کانگریس صدرنے کہاکہ سال2014میں جب وہ کشمیرگئے توانہوں نے وہاں لوگوں کوکافی پریشان دیکھاکیونکہ مرکزمیں برسراقتدارآئی بھاجپاحکومت نے غلط اقدامات کاتب ہی آغازکردیاتھا،اسکے بعدسے کشمیرکے حالات بگڑتے چلے گئے اوراب وہاں صورتحال بدسے بدترہوچکی ہے ۔