کوہالہ مظفرآباد (انیس عباسی)
خدمت انسانیت کے تحت تعمیراتی کام کیے جائیں تو اس میں دنیا اور آخرت کی فلاح ہے۔آج ہم غیر مسلم قوموں سے بھی عبرت حاصل نہیں کرتے اور تعمیراتی فنڈز کھائے جا رہے ہیں جبکہ کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد کرنا آزادی کے بعد ہمارا اولین مقصد ہونا چاہیے تھا ۔ان خیالات کا اظہار معروف مذہبی اور سماجی رہنما مولانا عبدالوحیدخان نے کرنوٹہ ہل میں اپنی مدد آپ کے تحت تعمیر ہونیوالی 30ہزار فٹ لمبی واٹر سپلائی سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا امتیاز عباسی، سابق امیدوار اسمبلی مولانا سلیم اعجاز، سردار احسان عباسی،سردار نعیم عباسی، سردار وقاص عباسی، سردار اقبال عباسی، عبدالصبور اعوان ،مولوی عبداللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مہمان خصوصی نے کہاکہ ایک عورت کتے کو پانی پلانے سے جنتی ہو سکتی ہے تو امت مسلمہ خدمت انسانیت کرکے اپنی آخرت اور دنیا سنوار سکتی ہے۔اس وقت پانی بنیادی ضرورت بن چکاہے، جو سکیمیں آئیں اگر وہ کرپشن سے پاک ہوتیں تو آزادکشمیر میں آدھے مسائل حل ہو چکے ہوتے لیکن ٹھیکیدار سسٹم میں اور اس مافیانے خدا خوفی اور رضاء الہی کی بنیاد پر خدمت انسانیت کا بیڑا نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہوا آج اگر ہم خدم انسانیت کے تحت کام کریں تو کامیابی ہمارا مقدر ہو گی۔انہوں نے عوام علاقہ کے تعاون کو سراہایا اور کہاکہ دیگر کاموں کی طرف بھی توجہ دیں گے اور آپ کے مسائل حل ہوں گے۔مولانا امتیازعباسی نے کہاکہ آج کروڑوں روپوں کاکام چند لاکھ میں ہوا ۔ اگر سرکاری سکیمیں ہوتیں تو کمائی کا ذریعہ بن جاتیں جس کی وجہ سے ہم مسائل حل کروانے میں ناکام رہے اور سرکاری حکومتوں نے عوام کے مسائل حل نہیں کیے۔انہوں نے جے یو آئی کے کارکنوں ،عوام علاقہ اور بزرگوں کی خدمات کو سراہایا اور کہاکہ ہم کوئی برادری، علاقائی یا جماعت کی بنیاد پر خدمت کا کام نہیں کر رہے بلکہ اس سے انسانیت کی خدمت مراد ہے اور دیگر مسائل بھی حل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے تعاون پر اہل علاقہ کا شکریہ ادا کیا۔