باغ، تاجر اتحاد پینل کے صدارتی امیدوار سردار مشعل یونس نے کہا ہے کہ حافظ طارق تاجر نہیں بلکہ ٹرانسپورٹر ہیں اور بنیادی طور پر وہ ایک روٹ پر گاڑیوں کا اڈہ چلا رہے ہیں کیا کوئی ٹرانسپورٹر تاجر ہو سکتا ہے؟،ٹرانسپورٹروں کی اپنی یونین ہے،جرگے کرنا تاجر تنظیم کا نہیں بلکہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ریاست کے آئین اور قوانین کے مطابق فیصلے کریں ،تاجروں نے اعتماد کیا تو تاجر ویلفیئر فنڈز ،تاجروں کے بچوں کی صحت اور تعلیم کیلئے اقدامات ، تاجر تنظیم کی کمپیوٹرائز رجسٹریشن ،تاجروں کے لیے دو ایمبولینسز مہیا کروائیں گے ،میرے مد مقابل امیدوار جو میرے بزرگ تاجروں کو انگوٹھا مار کہتے ہیں انکی قاعدے سے لیکر جماعت ہفتم تک ساری ڈگریاں چیک کروائینگے ، مجھے دوبئی واپس جانے کا طعنہ دینے والے حافظ طارق واپس افغانستان کیوں نہیں جاتے ،میری نامزدگی نوجوانو ں کے لیے بڑی حوصلہ مند ہے ،تمام نوجوان اور بزرگ تاجر باغ میں تبدیلی چاہتے ہیں ، 8اپریل کو تاجر اتحادپینل بھارت اکثریت سے کامیابی حاصل کریگا،انجمن تاجرانسز کا کام اپوزیشن کرنا نہیں بلکہ ساری سیاسی قیادت کی مشاورت سے باغ کو خوبصورت بنانے کے لیے انکے ساتھ تعاون کرنا ہے،میری کامیابی کے بعد میرے نوجوان بیٹھ کر ریاست کے سیکرٹری مالیات سے ٹیکسز کے مسائل پر بات کرینگے ،متنازعہ علاقے میں تاجروں پر ٹیکس قبول نہیں کرینگے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر اتحاد پینل کی انتخابی مہم کے دوران بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجتماع سے انجمن تاجران آزاد کشمیر کے مرکزی چےئر مین سردار افتخار زمان ،سابق صدر سید صادق شاہ ،نامزد امیدوار برائے چےئر مین سید شبیر شاہ ،نگران اعلیٰ خان قادر خان ، جنرل سیکرٹری جعفر علی میر ،حاجی عبد الحکیم ،کامران قلندر ،راجہ فاروق ،سردار مشتاق سدوزئی ، سید فاروق شاہ ، چوہدری سعید ، خورشید سدوزئی ، سردار زاہد ،سید نزاکت گردیزی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔سردار مشعل یونس نے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ باغ کے سب سے پرانے اور سینئر تاجروں کے تاجر اتحاد پینل نے مجھے صدارتی امیدوار نامزد کیا جس پر میں ان سب کا شکر گزار ہوں ،انہوں نے کہا کہ تاجروں سے عہد کرتا ہوں کہ کسی تاجر کو تنہا نہیں چھوڑوں گا،تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم آواز بلند کرونگا ، انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران کے قیام کا مقصد تاجرو ں کی فلاح و بہود اور انکی عزت نفس کا خیال رکھنا ہے اس وقت باغ میں 20فیصد سے زائد تاجر ماسٹر ڈگری ہولڈر ہیں جو تاجروں کا سرمایہ ہیں ، ہمیں ان نوجوانوں سے استفادہ کرنا ہو گا،انہوں نے کہا کہ محض شٹر ڈاؤن کرنے سے کام نہیں چلے گا،باغ میرے آباؤ اجداد کا شہر ہے اور اس کے مسائل حل کے لیے اپنا کردار ادا کرونگا ،انہوں نے کہا کہ ہمارے مد مقابل امیدوار کہتے ہیں ہم رات کو چوکیداروں کو دیکھتے ہیں انکو یہ معلوم نہیں کہ اب دنیا چاند پر پہنچ چکی ہے،چوکیدار کے لیے بازار میں گھومنے کے بجائے CCTVکیمرے لگا کر پورے شہر کی ایک جگہ بیٹھ کر مانیٹرنگ کی جا سکتی ہے،انہوں نے کہا کہ نظام کو بدلنے کے لیے تاجروں کو میرا ساتھ دینا ہوگا ،حافظ طارق کیساتھ کوئی معتبر تاجر نہیں ، وہ ٹرانسپورٹر ہیں ڈنڈوں اور ڈراؤ دھمکاؤ والی سیاست اب نہیں چلے گی ،باغ کے معزز تاجروں اور میرے بزرگوں کو خائن اور بد دیانت کہنے والوں کو جو گالیاں دے رہے ہیں انکی ڈگریاں چیک کروائیں گے ،مشعل یونس نے کہا کہ حافظ طارق ہمارے بار ے میں کہتے ہیں کہ دبئی اور انگلینڈ چلے جائیں گے ہم تو رزق حلال کے لیے گئے تھے ،حافظ طارق آپ بتاؤ کہ افغانستا ن کیوں گئے تھے ؟،مرکزی چےئر مین انجمن تاجران سردار افتخار زمان نے کہا کہ تاجر اتحاد پینل باغ 8اپریل، بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگا،انہوں نے کہا کہ ہمیں گالیاں اور الزام دینے والوں کو تاجروں نے مسترد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے،باغ کے تاجر ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو تجارت کے نام پر دیگر دھندوں میں ملوث ہیں ،انہوں نے کہا کہ باغ کے باشعور تاجر مشعل یونس کے ساتھ ہیں اور انشاء اللہ 8اپریل کو انتخابی نشان چاند پر مہر لگا کر کامیابی حاصل کرینگے ۔