یکم فروری 2018
مظفرآباد (نمائندہ)جموں وکشمیر موومنٹ آزاد کشمیر نے 2سے 11فروری تک ”عشرہ یکجہتی کشمیر “منانے کا اعلان کردیا۔ ریاست سمیت ملک بھر میں جلسے ‘جلوس ‘ریلیاں نکالی جائینگی‘ یکجہتی کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا جن میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم کو بے نقاب کیا جائے گا۔ گزشتہ روز جموں وکشمیر موومنٹ آزاد کشمیر کے سربراہ حاجی محمد اشرف نے تحریک آزادی جموں وکشمیر کے چیئرمین عبدالعزیز علوی ‘حمید الحسن ‘ غلام اللہ آزاد ‘ شفقت حسین سمیت دیگر کے ہمراہ مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عشرہ یکجہتی کشمیر کے موقع پرآج 2فروری کو آٹھمقام اور روالاکوٹ ‘3فروری کو کوٹلی ‘4فروری کو دارالحکومت مظفرآباد‘ 5فروری کو میرپور ‘باغ ‘ 6فروری کو پلندری ‘ 9فروری کو بھمبر جبکہ 11فروری کو چکوٹھی میں پروگرامات ہو نگے۔ اس کے علاوہ دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام 4فروری کو ملتان اور پانچ فروری کو لاہور مال روڈ پر پروگرام ہو گا۔جبکہ پانچ فروری ہی کو اسلام آباد میں لیاقت باغ سے پریس کلب تک بڑی ریلی نکالی جائے گی۔ 4فروری کو مظفرآباد میں چہلہ چوک سے ریلی نکالی جائے گی اور کچہری روڈ پر یکجہتی کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں پروفیسر عبدالرحمان مکی سمیت دیگر قائدین خطاب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70برسوں سے بھارت تحریک آزاد ی کو دبانے کیلئے مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہدوونوں ممالک کشمیریوں کے حوالے سے ایک ہی جیسے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ دونوں ممالک آواز بلند کرنے والوں کو دبا رہے ہیں ۔ہمیں تحریک آزادی کیلئے آواز بلند کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ پاکستان و آزادکشمیر کی حکومت تحریک آزاد کے لئے موثر کردار ادا نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے پاکستانی اور کشمیر ی قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑے ہو جائیں ۔ کیونکہ اب مزید زوردار انداز میں آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ آزادی کیلئے قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70سال سے کوئی روز ایسا نہیں ہے کہ جس دن کشمیر کی بیٹیوں کی عصمت دری نہ ہو ئی ہو ۔ جوان ‘ بچے اور بوڑھے شہید ہو رہے ہیں۔ وادی میں خواتین سنگ باری کرتی ہیں۔ ہمیں مظلوم بھائیوں کی موثر انداز میں پشت بانی کرنا ہو گی یہ ہمارا فرض ہے۔