قائمقام صدر آزادجموں وکشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر، گڈ گورننس اور ریاست کی تعمیر و ترقی و خوشحالی حکومت آزادکشمیر کی اولین ترجیحات ہیں ۔ تحریک آزادی کشمیر میں کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی بدولت مسئلہ کشمیر اس وقت فلش پوائنٹ بن چکا ہے ۔ ہندوستانی افواج کے ظلم و بربریت کے باوجود کشمیری مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں اور پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر اپنے جنازے دفن کررہے ہیں ۔ یہ کوئی آسان کام نہیں ،کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں دی جانے والی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی ۔آزادکشمیر میں ہائیڈرل اور ٹورازم کا وسیع پوٹینشل موجود ہے ۔حکومت آزادکشمیر تعلیم، صحت ،واٹر سپلائی ٹیلی کمیونیکیشن ،ٹورازم اور ہائیڈرل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ آزادکشمیر میں جاری ہائیڈرل پراجیکٹس کی تکمیل سے پاکستان میں توانائی بحران کے مکمل خاتمے میں مددم ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار قائمقام صدر آزاد جموں وکشمیر شاہ غلام قادر نے سول سروسز اکیڈمی لاہور کے 45ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ سی پیک آزادکشمیر کی ترقی و خوشحالی میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا ۔سی پیک کے تحت آزادکشمیر میں ہائیدرل اور روڈز کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوںنے کہا کہ آزادکشمیر میں ہر سال لاکھوں ٹورسٹ آتے ہیں ،حکومت آزادکشمیر ہائیڈرل، ٹورازم اور معدنی وسائل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر متنازعہ علاقہ ہے ،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادکشمیر کا انتظام و انصرام پاکستان کے پاس ہے ۔قائمقام صدر نے کہا کہ ہندوستان خود اقوام متحدہ میں گیا اور خودہی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے انکاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت اور ہائیڈرل کے سیکٹرز میں ترقی سے ریاست معقول آمدن حاصل کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں شرح خواندگی 76فیصد سے زیادہ ہے ۔ آزادکشمیر میںا یک ویمن یونیورسٹی، ایک انجینئر نگ یونیورسٹی سمیت تین میڈکل کالجز قائم ہیں ۔ حکومت کوالٹی آف ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی نسبت انتہائی پرا من علاقہ ہے اور یہاں جرائم کی شرح بھی انتہائی کم ہے ۔ آخر میں قائمقام صدر آزاد جموں وکشمیر شاہ غلام قادر کو ڈائریکٹر ایڈمن سروسز اکیڈمی لاہور محمد رمضان نے شیلڈ بھی پیش کی۔