ایرا آزادکشمیر کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں عوام کا معیار زندگی بلندکرنے کے لئے جدید زلزلہ مزاحم بین الاقوامی معیار کی گورننس ، تعلیم ، صحت سمیت دیگر شعبوں میں سہولیات تعمیر کررہا ہے ، برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی مالی معاونت سے راولاکوٹ ضلعی ہیڈکوارٹر کمپلیکس میں 52عمارات تعمیر کی جارہی ہیں ۔ترک تعمیراتی کمپنی ’’سیاہ قلم ‘‘ کی جانب سے عوامی اہمیت کے اس منصوبے پرکام کی رفتار اور معیار تسلی بخش ہے جلد از جلد یہ منصوبے مکمل کرکے متعلقہ اداروں کے سپرد کردئیے جائیں گے ، ان خیالات کااظہار بریگیڈئر آفتاب قریشی ڈائریکٹرجنرل پراجیکٹس ایرا نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کمپلیکس راولاکوٹ اورچھوٹا گلہ یونیورسٹی کیمپس، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر باغ کے تعمیراتی کام کے معائنہ کے دوران کیا ، واضح رہے کہ سعودی عرب کی مالی معاونت سے ایک ارب تیس کروڑروپے کی لاگت سے زیر تعمیر راولاکوٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کمپلیکس میں کمشنر آفس سمیت پولیس ،سیاحت ،زراعت ،خوراک ،لائیوسٹاک ،مسجد ،بخشی خانہ ،لائبریری ،جنگلات اورمیونسپل کارپوریشن سمیت مختلف محکموں کے دفاتر اورسرکاری ملازمین کے لیے رہائش گاہیں بھی تعمیر کی جارہی ہیں ۔تعمیراتی کمپنی کی جانب سے انہیں بتایا گیا پہلے سے قائم بعض سرکاری عمارات کو مسمار کرنے ،بجلی کے کھمبوں اورواٹر سپلائی کے پائپوں کو مقامی انتظامیہ کے ذریعے ہٹا کر تعمیراتی کام کے لیے سائٹ کلیئر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تعمیراتی کام جلد مکمل کیاجاسکے ،اس موقع پر ڈی جی پلاننگ انجینئر طاہر پرویز ، پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ایس ایف ڈی کرنل شہریار،ایکسئین محمدمالوف بھی اُن ہمراہ تھے ،کنگ عبداللہ یونیورسٹی چھوٹا گلہ کیمپس کے تعمیراتی کام کے معائنہ کے دوران چیف انجینئر سعودی فنڈ فارڈویلپمنٹ سید یاسرگیلانی اورتعمیراتی کمپنی کے نمائندگان نے انہیں بتایا کہ موسم سرما کے دوران خراب موسمی حالات کی وجہ سے کام بند رہا ہے جسے اب دوبارہ شروع کیا گیا ہے ہماری کوشش ہوگی کہ ہم اکتوبر 2018ء تک مین بلاک کاکام مکمل کرکے یونیورسٹی انتظامیہ کے سپرد کردیں اس موقع پر بریگیڈئر آفتاب نے یونیورسٹی کے نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ یونیورسٹی کے رقبہ کی چاردیواری اور سڑک کی تعمیر کے متعلق امور کو یکسو کروائیں ،قبل ازیں بریگیڈئر آفتاب نے باغ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کمپلیکس کی تعمیر جلد مکمل کرنے کے لئے فنی ماہرین کی تعداد میں اضافہ کی ہدایت کی ۔
Share on: