باغ ( رپورٹر جی کے نیوز ) باغ محکمہ باقیات کے شکایات آفس میں شکایات کلرک کی عدم موجودگی ، دفتری نظام درہم برہم ، لائن سٹاف دوہری ڈیوٹی کرنے پر مجبور ، فیلڈ میں ہونے کی صورت میں دفتر شکایات خالی رہنے لگا۔ ذرائع کے مطابق طارق نامی شکایات کلرک اپنی متعلقہ ڈیوٹی کے بجائے لیجر کلرک کے طور پر ذمہ داری سر انجام دے رہا ہے ۔ شکایات دفتر میں حاضر نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کے ٹیلی فون کا کوئی باقاعدہ ریکارڈ نہیں رکھا جا رہا ۔ دفتر شکایات میں گاڑی یا موٹر سائیکل کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے فیلڈ سٹاف کسی ایک متاثرہ علاقے میں کئی کئی گھنٹے رکنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ شہر کے شکایات آفس میں لائن سپرنٹنڈنٹ سمیت 11اہلکار تعینات ہیں جبکہ واپڈا معیار کے مطابق کم از کم 15ملازمین کی ضرورت ہے ۔ شہریوں کے مطابق شکایات کے درست اندراج نہ ہونے کی وجہ سے شکایت کے بارہ گھنٹے تک بھی شکایت کے ازالے کے لیے کوئی مربوط نظام موجود نہیں ہے ۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی بڑھتی ضرورت کے پیش نظر 2شکایات دفتر قائم کیے جائیں اور متعلقہ ملازمین کو ان کی اصل ڈیوٹی پر حاضر کیا جائے