باغ ،محکمہ شاہرات باغ کے20کروڑ مالیت کے ٹینڈر ہلڑ بازی ،ہاتھا پائی کی نذر ،ٹینڈر منسوخ ،ہلڑ بازی اور لڑائی کرنے والوں کیخلاف محکمہ شاہرات نے قانونی کارروائی کی تحریک کر دی ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز محکمہ شاہرات باغ میں بسوٹی شیر کیمپ 8کلو میٹر دفاعی روڈ مالیت ساڑھے 11کروڑ ،ماہلدرہ پل ساڑھے5کروڑ اور چمنکوٹ دھیرکوٹ پل کے ساڑھے 3کروڑ مالیت کے ٹینڈر باکس ہونے تھے۔جس کے لیے 69ٹھیکیداروں نے فارم لے رکھے تھے ان ٹینڈروں کے لیے ایس ای شاہرات سرکل مظفرآباد ٹینڈر کمیٹی کے چےئر مین تھے جبکہ ممبران میں ایکسےئن شاہرات باغ ،ایکسےئن شاہرات ہٹیاں بالا ،نائب مہتمم شاہرات باغ شامل تھے ،ٹینڈر11:30بجے باکس میں تھے ۔اس دوران 4ٹھیکیداروں نے 10ٹھیکیداروں سے پل کے ذریعے لے لیے اور باقی ٹھیکیداروں کو ٹینڈر باکس کرنے سے روک دیا اس دوران ٹھیکیدار داؤد عباسی کمیٹی کے سامنے پیش ہوا اور کہا کہ انہیں باہر ٹینڈر فارم باکس نہیں کرنے دیے جا رہے جس پر کمیٹی نے انکو کہا کہ وہ ٹینڈر فارم باکس کریں جس پر ٹھیکیدار داؤد عباسی ٹینڈر فارم ڈالنے گیا تو ایک ٹھیکیدار نے ٹینڈر فارم والا باکس اٹھا کر تیسری منزل سے نیچے سڑک پر پھینک دیا اور ایک دوسرے ٹھیکیدار نے داؤدعباسی سے فارم چھیننے کی کوشش کی اور انہیں مار پیٹ شروع کر دی جس پر وہاں ہنگامہ برپا ہو گیا اور ٹھیکیداروں کے درمیان ہاتھا پائی اور لڑائی شروع ہو گی جس پر کمیٹی نے تمام ٹینڈر منسوخ کر دیے ، محکمہ شاہرات باغ نے سرکاری امور میں مداخلت اور انجام دیہی روکنے پر ٹھیکیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے باغ انتظامیہ کو تحریک کر دی ہے ۔محکمہ شاہرات باغ نے رابطے پر بتایا کہ ہم نے ٹینڈر منسوخ کر دیے ہیں اور سرکاری امور میں مداخلت کرنے والے ٹھیکیداروں کیخلاف قانونی کارروائی کے لیے تحریک کر دی ہے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ٹھیکیداروں کی لڑائی کی اطلاع پر باغ پولیس بھی موقع پر گئی ۔