اسلام آباد(پی آئی ڈی)
وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی آواز کو بین الاقوامی سطح پر موثر انداز میں پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام ہو ،ملکی سیاسی حالات کے باعث مسلہ کشمیر کو قطعی طورپر فراموش نہیں کیا جاسکتا ،مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ہندوستانی افواج سازش کے تحت کشمیری نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کررہی ہیں ،کشمیری پاکستان اور ہندوستان کو ایک طرح سے نہیں دیکھتے نہ وہ ایک جیسے ہیں ،پاکستان ہمارا محسن اور پاک فوج ہماری عزتوں کی محافظ جبکہ ہندوستان قابض غاصب اور جارح ہے ،ہندوستانی افواج لائن آف کنٹرول پرنہتے شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کررہی ہیں ،پاکستانی میڈیا سے گلہ ہے کہ اس کی اکثریت کشمیریوں کی قربانیوں کو نظر انداز کررہی ہے ،دارلحکومت میں ایک شاندار یادگار تعمیر کرینگے جس پر تحریک آزادی کشمیر میں شہید ہونے والے ہر شہید کا نام کنندہ کیا جائیگا اور ہر سال اسے پولیس سلامی دیگی ،ایک مزاحمتی میوزیم بھی تعمیر کیا جائیگا ۔وفاق سے طویل عرصہ سے حل طلب امور کی جانب انتہائی مثبت پیش رفت ہوئی ہے ،پاور پرچیز ایگریمنٹ ،واٹر یوزیج چارجز میں اضافہ سمیت اہم معاملات پر ہمارے حق میں فیصلہ جات ہو چکے ہیں اب اس پر عملدرآمد کا عمل جاری ہے،عبوری آئین میں ترامیم اور کشمیر کونسل کا موجودہ شکل میں خاتمہ آزادکشمیر کی ساری سیاسی قوتوں اور سول سوسائیٹی کا متفقہ مطالبہ ہے جس پر وزیراعظم پاکستان نے عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جموں و کشمیر ہاوس میں سیئنر صحافی و صدر فیڈرل یونین آف جرنلسٹس افضل بٹ ،صدر آزادکشمیر نیوز پیپرز سوسائیٹی عامر محبوب اور نومنتخب ممبر بورڈ آف گورنرز پریس فاونڈیشن شہزاد راٹھور کے ساتھ گفتگو کرتے ہوے کیا ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کے پیشہ ور صحافیوں اور ریاستی اخبارات کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں آئندہ چند دنوں تک اشتہارات کی مد میں محکمہ اطلاعات کو مزید فنڈز فراہم کرینگے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی قربانیوں کا اجاگر کرنے کے لیے میڈیا کا بڑاکردار ہے ملکی و غیر ملکی میڈیا سے منسلک صحافیوں کو تحریک آزادی کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے اندر ہونے والے انسانیت سوز واقعات سے آگاہی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے مقبوضہ کشمیر کے اندربین الاقوامی میڈیا سے وابستہ صحافیوں نے جس جرات اور دلیری کے ساتھ قابض افواج کے مظالم کو بے نقاب کیا ہے اس پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں پاکستان کے حالات پر دکھ ہوتا ہے میڈیا اپنی ترجحیات متعین کرے کشمیریوں نے ستر سال میں اپنے پیدائشی حق حق خودارادیت اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں ان کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں دینے دینگے سول سوسائیٹی بین الاقوامی فورمز اور شخصیات کو ای میل کے ذریعے اپروچ کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ دنیا تک کشمیریوں پر ہونے والے مظالم اور ہندوستان کے مظالم پہنچاے جا سکیں ۔وزیراعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایکٹ میں ترامیم کے حوالے سے ساری سیاسی قوتوں کا اتفاق ہے سفارشات سب نے ملکر تیار کی ہیں ۔کچھ لوگوں کا مطالعہ کمزور ہے ،یہ آزادکشمیر کے ہر باشعور شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے حقوق و فرائض سے آگاہی حاصل کرے، انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر چھوٹا ساخطہ ہے جس کو ہم تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لحاظ سے رول ماڈل بنا سکتے ہیں اختیارات کی واپسی کے بعد آزادکشمیر کے سیاستدانوں کے پاس کارکردگی نہ دکھانے کا بہانہ ختم ہو جائیگا۔