آزادکشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں جن کے ہاتھ میں ہماری آئندہ نسل پروان چڑھتی ہے، جو قومیں اپنی نوجوان نسل کی بہتری چاہتی ہیں وہ اساتذہ کی قدر کرتی ہیں، اساتذہ کے لیے تربیت کا عمل ناگزیزہے،تربیت سے انکی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نکھار پید اہوتا ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے ویژن کے مطابق اور وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی محنت کی وجہ سے محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس سے کے ذریعے اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیاں اور پبلک سروس کمیشن کی از سر نو تشکیل کے ساتھ ساتھ KIMکے زیر اہتمام ٹیچر ٹریننگ کورس کا انعقاد بھی احسن اقدام ہے ۔ آفیسران اور اساتذہ کرام کو بہترین تربیت فراہم کرنے میں کشمیر انسٹیٹوٹ آف مینجمنٹ کا کلیدی کر دار ہے ، اس کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے زیر اہتمام پہلے ٹیچرز ٹریننگ کورس کی تقسیم اسناد کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن محمد زاہد عباسی، ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈئیر (ر) سید اختر حسین شاہ ، رجسٹرار سپریم کورٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ سیکرٹری جموں وکشمیر سیل محمد ادریس عباسی ودیگر بھی اس موقع پرموجود تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پہلی مرتبہ کشمیر انسٹیٹوٹ آف مینجمنٹ کے زیر اہتمام اساتذہ کی تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے جس کا مقصد اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی انتظامی صلاحیتوں کو بھی بڑھانا ہے ۔ اساتذہ تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اداروں کے نظم و نسق کو بھی بہتر بنائیں تاکہ وہ ویک منظم قوم پیدا کر سکیں۔ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن زاہد عباسی نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں ترقی کسی بھی قوم کیلئے ضروری ہے کیونکہ یہ ہمارے مستقبل کی بہتری کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے ۔اساتذہ کرام جدید تقاضوں کے مطابق نوجوان نسل کی رہنمائی کریں ،اداروں میں انتظامی اصلاحات لائیں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر بھر کے اساتذہ کو تربیت کے مزید مواقع فراہم کریں گے تا کہ وہ ہماری آنے والی نسلوں کی بہترین رہنمائی کر سکیں۔ ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈئر(ر) سید اختر حسین شاہ نے کہا کہ تربیت حاصل کرنے والے جب کورس کے لیے آئے تھے تو ان کا معیار اور سوچ کچھ اور تھی اور اب جبکہ وہ یہاں سے فارغ ہو رہے ہیں تو ان کے معیار و کردارمیں ایک مثبت تبدیلی نظرا ٓرہی ہے جوکہ مستقبل میں بھی ان کے کام آئے گی۔انہوںنے کہا کہ ایک صحت مند دماغ ایک صحت مند جسم میں ہوتا ہے اس لیے ادارہ نے شرکائے کورس کی جسمانی تربیت کا بھی اہتمام کیا۔ انھوں نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور ان تمام لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں اور تعاون سے اس کورس کا کامیاب انعقاد ممکن ہوا۔ تقریب کے اختتام پر شرکائے کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ ڈائریکڑر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ نے مہمان خصوصی کو شیلڈ اور تحفہ بھی پیش کیا